پشاور، یوٹیلیٹی اسٹوز انتظامیہ نے سبسڈائزڈ آٹے کی فروخت مشکل بنا دی

September 28, 2022

پشاور( وقائع نگار)واپڈا ہاؤس پشاور میں قائم یوٹیلیٹی سٹور عملے نے سبسڈائز آٹے کیساتھ ماچس اور صابن بھی خریدنے کی شرط عائد کردی جس کے باعث غریب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ منظور نظر افراد کو 2/2تھیلے فراہم کئے جانے لگے جس کے خلاف بشیر آباد کے مکینوں نے احتجاج کی دھمکی دیدی۔بشیر آباد، رشید آباداور صمدو گڑھی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ واپڈا ہاؤس میں قائم یوٹیلیٹی سٹور انتظامیہ غریب شہریوں کو سبسڈائزڈ آٹے کے ساتھ صابن اور ماچس خریدنے کیلئے مجبور کررہی ہے اور اگر کوئی انکار کرتا ہے سٹور انتظامیہ اس کی بے عزتی کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑتے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور عملے کا قبلہ درست کریں کہ وہ سبسڈائزڈ آٹا خریدنے والوں کو زبردستی دیگر غیر ضروری سامان خریدنے پر مجبور نہ کریں۔ بصورت دیگر وہ احتجاجاً پجگی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرکے سٹور کے سامنے دھرنا دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔