شاہ لطیف ٹاؤن، فوڈ کنٹرولر کے گھر میں ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی ڈکیتی

September 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف ٹاؤن میں سرکاری فوڈ کنٹرولر کے گھر میں ڈھائی کروڑ سے زائد مالیت کی ڈکیتی ، ملزمان اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر نقدی ، طلائی زیورات اور پرائز بانڈز لوٹ کر فرار ہو گئے،پولیس کے مطابق شاہ لطیف تھانے میں سکندر علی نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، جس میں بتایا ہے کہ وہ حکومتِ سندھ کے فوڈ ڈپارٹمنٹ میں بحیثیت اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کام کرتے ہیں، وہ رات پونے 12 بجے گھر کا دروازہ کھول کر گاڑی پارک کر رہے تھے کہ 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا،ایک ملزم نے ان کے سر پر پستول رکھا اور اندر جانے کے لیے کہا، بات نہ ماننے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دی، گھر کے اندر لے جا کر ملزمان نے انہیں گھر والوں سمیت کمرے میں بند کر دیا،ملزمان نے الماری میں رکھی ہوئی نقد رقم 1 کروڑ 70 لاکھ روپے، 55 تولے سونا اور 20 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ لوٹ لیے،سکندر علی کے مطابق ملزمان نے مجموعی طور پر ڈھائی کروڑ سے زائد کی واردات کی ہے،پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں مدعی کا کوئی واقف کار یا سابقہ ملازم ملوث ہو سکتا ہے، مدعی نے بیان دیاہے کہ اس کا گھر فروخت ہوا ہے جس کی رقم گھر میں موجود تھی ، اس حوالے سے بھی مزید تفتیش کی جاری ہے ۔