سیلاب میں ریسکیو 1122نے بہترین خدمات سرانجام دیں،کمشنر ڈیرہ

September 30, 2022

پشاور(جنگ نیوز)کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122نے بہترین خدمات سرانجام دیں اور نہ صرف ریسکیو کے حوالے سے اپنے فرائض احسن طور پر ادا کیے بلکہ امدادی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہے جو کہ قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب کے دوران بہترین کارکردگی پر ریسکیو1122 ڈیرہ کے افسران اور جوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اقبال وزیر، اسسٹنٹ کمشنر فرحان احمد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سمیت ریسکیو 1122کے دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق نے ریسکیو 1122کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122ایک قابل اعتماد ادارہ ہے اور مختلف ایمرجنسیزکے دوران لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔کمشنر ڈیرہ نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن سے فرائض کی بجا آوری دیکھنے میں آئے گی جس پر ریسکیو 1122کے افسران و اہلکاروں نے نہ صرف اپنے فرائض کی بجا آوری بلکہ انتظامیہ کو بھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں ریسکیو 1122کے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔