آڈیو لیک کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا گھناؤنی سازش، عمر سرفراز چیمہ

October 01, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عمران خان کی ایک اور آڈیو لیک کیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت کا آڈیو اور سب ٹائٹل کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ایک گھناؤنی سازش ہے۔سینئرصوبائی وزیراسلم اقبال نے پی ایف یوجے کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت کامطلب کسی کی کردارکشی نہیں بلکہ سچ کوسچ دکھاناہے۔ عمرچیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مافیا سارا پراپیگنڈہ اصل الفاظ اور سب ٹائٹلز میں ردوبدل کر کے کر رہا ہے، اور سائفر پر تحقیقات کی بجائے آڈیو آڈیو کھیل رہا ہے۔ پی ڈی ایم ٹولے نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسری آڈیو لیک کی مگر کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ گزشتہ لیکڈ آڈیو میں عمران خان نے کہا "یہ فارن سازش ہے" جبکہ سب ٹائٹلز میں لکھا گیا "اس کو فارن سازش بنا دیتے ہیں۔" دوسری آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں "لیٹر کے منٹس لکھ دیں" جبکہ سب ٹائٹلز میں "مرضی کے منٹس لکھ دیں" لکھا گیا۔ قبل ازیں مشیرِ اطلاعات پنجاب اورسینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ایک سیمینارمیں بھی شرکت کی۔اس موقع پر اسلم اقبال نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کا مطلب کسی کی کردار کشی کی بجائے سچ کو سچ دکھانا ہے۔پیسے کے زور پر چینل خرید کر کسی کی عزت اچھالنا آزادی صحافت نہیں۔