کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے پروفیسرعارف خان ساقی نے خود پر اور اپنے بھتیجے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے والےملزم کونین علی شاہ کو معاف کردیا ۔تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدود صفورا چورنگی کے قریب جامعہ کراچی کے پروفیسرعارف خان ساقی اور ان کے بھتیجے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث ملزم کونین شاہ نے اتوار کی شب اپنے سسراور دیگر رشتہ داروں اور بزرگوں کے ہمراہ پروفیسرعارف خان ساقی سے ان کی رہائش گاہ پرجا کرملاقات کی اورپروفیسر عارف خان سے اپنے کیے پرمعافی مانگ لی ،پروفیسرعارف خان ساقی نے معافی مانگنے پرملزم کونین شاہ کومعاف کردیا، پروفیسر عارف خان ساقی نے بتایا کہ کونین علی شاہ کے والد بھی وقتاًفوقتاً گھر تشریف لاتے رہے ہیں اور ملاقات کرتے ہیں، اتوار کی شب کونین علی شاہ اپنے سسر اور دیگر بزرگوں کے ہمراہ گھر تشریف لائے تھے اور انھوں نے کونین علی شاہ کو معاف کردیا ۔