غیرقانونی تعیناتی ریفرنس، شاہد خاقان و دیگر ملزمان پیش، سماعت ملتوی

October 01, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تعیناتی کے ریفرنس کی سماعت نیب پراسکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے روبرو سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تعیناتی کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب پراسکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 21اکتوبر تک ملتوی کردی۔ شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تیسرا سال ہے نہ نیب پیش ہوتی ہے نہ گواہ، عدالتوں میں کیمرہ لگائیں اور عوام کو بتائیں، عدالتوں میں لوگ پانچ چھ سال سے جیل میں ہیں، ترمیم کردی گئی ہے لیکن لوگوں کو ریلیف نہیں مل رہا، جھوٹے مقدمات میں لوگوں کی زندگی تباہ ہورہی ہیں، ججز پر دبائو ڈال کر فیصلے کروائے گئے، جعلی کیس بنائے جانے والوں سے پوچھا نہیں جائیگا تو حالات بہتر نہیں ہونگے، لوگوں کی زندگیاں تباہ کی ہیں اسکا جواب دینا پڑیگا، احتساب کرنے والوں کو خود جواب دینا پرٹا ہے، یہ ن کی حکومت نہیں ہے،چار سال کی نالائقی چار ماہ میں ختم نہیں ہوگی، حکومت عوام کی نمائندہ ہوتی ہے، پاکستان کے عوام عمران خان کو دیکھ لیں، قانون نو جو راستہ بناتا ہے وہ کیسے بم رہا ہے یہ دیکھ لیں، عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ جھوت کو لیکر چلنا ہے یا انصاف کو، سائفر کے معاملات عوام کے سامنے رکھیں گے،یہ عوام فیصلہ کریگی حقیقت کیا ہے، ایک ملک کا وزیر اعظم اور انکا پرنسپل سیکرٹری سازش بنا رہا ہے،اس قسم کا شخص جب حکومت کریگا حالات پھر یہی ہونگے۔