ہلال احمر پاکستان کی ذمہ داری سے بغیر نوٹس ہٹایا گیا، ابرار الحق

October 02, 2022

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) معروف سنگر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نےروزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہلال احمر پاکستان کی ذمہ داری سے بغیر نوٹس ہٹانا غیر اخلاقی ہے،انہوں نے کہا کہ جو بھی وفاقی حکومت آتی ہے اس کا حق ہوتا ہے کہ وہ ہلال احمر پاکستان کی ذمہ داری کسی کو بھی دے،مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں،لیکن ایک چلتے ہوئے کام کو روکنا خوش آئند نہیں، ہم انٹرنیشنل ڈونر ایجنسی سے رابطے میں تھے وہاں سے نقد امداد بھی موصول ہوئی، ہلال احمر 192ملکوں میں ریڈ کراس کے تحت کام کرتی ہے، میرا ان کے ساتھ بہت اچھا تعلق تھا کیونکہ انہوں نے میری تنظیم سہارا ٹرسٹ کا کام دیکھا ہوا تھا،انہوں نے کہا بطور چیئرمین میں چائے بھی اپنے خرچ پر پیتا تھا،میں نے ہلال احمر کے لیے دو سال کام کیا، ایک سوال پر ابرار الحق نے کہا کہ بہت بڑا زرمبادلہ اوورسیز پاکستانی بھیجتے ہیں، ان کو ووٹ کا حق دینا چاہئے، اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق صرف اس لئے چھینا گیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں،یہ بہت زیادتی کی بات ہے، میں اوورسیز پاکستانیوں کی بہت قدر کرتا ہوں، ان پر گانا بھی لکھ دیا ہے، جب بھی پاکستان پر کوئی مصیبت آتی ہے یہ فوراً مدد کو آتے ہیں، ان کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کو اخلاق کے دائرے میں رہتے ہوئے کرنے کی ضرورت ہے ،نہ کہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنا اور غلط ٹوئٹ کرنا،انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خواتین کی عزت کی ہے، دین اسلام بھی خواتین اور بزرگوں کے احترام کا درس دیتا ہے، سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ عدالت سے معذرت کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں اور پاکستان کے امیج کو بہتر طور پر پیش کرنا ہوگا،ہمیں بین الاقوامی سیاست کو سمجھنا بہت ضروری ہے تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پر عبور حاصل ہو، انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان سے متاثر ہو کر ہسپتال، میڈیکل کالج اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ قائم کیا تاکہ میرے علاقے کے لوگ کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم ہو سکے،ہمارا دین انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ بھر میں میرے چار بڑے ایونٹ کا اہتمام کیا جارہاہے ،ان ایونٹ کی آمدن سے سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ہماری تمام امدادی رقوم سہارا کے ذریعے سیلاب زدگان تک جائیں گی۔ ہماری کوشش ہے ہم ان متاثرین کو گھر بناکر اور جانور خرید کردیں تاکہ زندگی معمول پر آئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پر کسی کو اعتماد نہیں اعتماد بحال کرنے کے لیے فوری الیکشن ضروری ہیں تاکہ جو بھی منتخب حکومت آئے وہ عوامی مسائل حل اور پاکستان کی تعمیر ترقی میں کردار ادا کرے۔اس موقع پر ابرار الحق کے ہمراہ ان کے بڑے بھائی میجر ( ر)اسرا رالحق بھی موجود تھے۔