خواجہ سراؤں کے حقوق کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑ ے ہیں، فرحت اللّٰہ بابر

October 02, 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ٹرانس جینڈرز کے حقوق کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے، 2018ء کے ایکٹ کوغلط سمجھا گیا ہے،یہ ایکٹ اسلامی قوانین سے متصادم نہیں ہے، ٹرانس جینڈرز ایکٹ اسلام سےمتصادم نہیں،غلط فہمیوں کو دور کرنا ہوگا،میڈیا کردار ادا کرے،یہ کہنا کہ اس قانون کے نافذ العمل ہونے سے بے راہ روی کا راستہ کھل جائیگا درست نہیں ہے،ایسا پراپیگنڈہ نہ کیا جائے جس سے ملک میں بے چینی اور انارکی پھیلے،اس طرح کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ٹرانس جینڈرز ایکٹ کے حوالے سے ببلی ملک، عائشہ مغل ،فرزانہ باری اور ایمان مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،فرحت اللہ بابر کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سرا ء ہمارے معاشرے کا وہ محروم طبقہ ہے جنہیں انکے خاندانوں نے بھی تنہا چھوڑ دیا ہے، ٹرانس جینڈر ایکٹ کو چیلنج کرنے والوں کی نیت پر شک نہیں ہے کیونکہ ہو سکتا ہے انہیں اس کے بارے میں غلط بتایا گیا ہو، انکے کے شکوک کو دور کیا جانا ضروری ہے کہ یہ ایکٹ کسی صورت اسلامی قوانین سے متصادم نہیں ہے ، ایکٹ پر تنقید کرنے والے لوگوں نے اس قانون کو پڑھا ہی نہیں ہے،اس موقع پر ٹرانس رائٹس ایکٹوسٹ ببلی ملک کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ترانس جینڈرز ایکٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے،اس ایکٹ میں اسلام کے خلاف کوئی شق شامل نہیں ہے ، عائشہ مغل کا کہنا تھا کہ خواجہ سراء کو شادی کا حق ہی نہیں ہے، سماجی کارکن ڈاکٹر فرزانہ باری نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو 75 برس بعد حق ملا جس پر حملہ ہو گیا ،سینیٹر مشتاق میڈیا پر مسلسل غلط بیانی کر رہے ہیں، پریس کانفرنس سے ایمان مزاری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔