ڈینگی وائرس، سی بی سی ٹیسٹ کی فیس 100روپے مقرر

October 02, 2022

اسلام آباد(بلال عباسی، خصوصی رپورٹ) حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کے لیے سی بی سی ٹیسٹ کی من مانی فیس وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے فیس 100 روپے مقرر کر دی۔ وزارت صحت ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ ٹیسٹ (سی بی سی) کی فیس مقرر کی، وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مریضوں سے اس کی من مانی فیس وصول کی جا رہی تھی۔ وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی بی سی ٹیسٹ سے ڈینگی مریض کے پلیٹ لیٹس کی تعداد چیک ہوتی ہے، اس لیے ان کی سہولت کے لیے فیس مقرر کی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق اسلام آباد میں واقع نجی و سرکاری ہسپتالوں اور لیبارٹریز پر ہوگا، اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے اس سلسلے میں چیف کمشنر اور ڈی سی کو مراسلہ جاری کر دیا، یہ مراسلہ سی ای او ڈریپ، این آئی ایچ، تمام اسپتالوں اور لیبارٹریز کو بھی بھیجا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہیلتھ ریگولیشن 2018 کے تحت سی بی سی ٹیسٹ فیس مقرر ہوئی ہے، مقررہ فیس کا اطلاق 31 دسمبر 2022 تک ہوگا، فیس مقرر کرنے کے لیےہسپتالوں اور لیبارٹریز سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔ ہسپتال اور لیبارٹریاں سی بی سی ٹیسٹ فیس کی فہرست آویزاں کرنے کی پابند ہوں گی، اس ٹیسٹ رپورٹ میں مشین، کٹ، بیچ نمبر کا اندراج لازم ہوگا، مقررہ سے زائد فیس وصولی پر کارروائی ہوگی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں لیبارٹریاں سی بی سی کی ایک ہزار فیس وصول کر رہی تھیں۔