شہدا اکتوبر کی برسیاں منانے کیلئے تیاریاں شروع کی جائیں، پشتونخوامیپ

October 02, 2022

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کی صوبائی ایگزیکٹوز کا اجلاس صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی صدارت میں تیسرے روز بھی جاری رہا ۔جس میں تنظیمی امور سمیت مختلف نکات اور موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ 7اکتوبر 1983اور 11اکتوبر 1991کے شہدا کی برسیاں منانے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس دن کو مشترکہ طور پر منانے کیلئے فوری طور پر تیاریاں شروع کریں ۔ اور ضلعوں سمیت علاقائی وابتدائی یونٹوں کے اجلاسوں کے انعقاد کو ہر حالت میں ممکن بناکراس دن کے حوالے سے ہونیوالے پروگراموں میں عوام اور کارکنوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کریں۔بیان میں کوئٹہ یونیورسٹی کے سامنے طلبا تنظیم اتحاد کے زیر اہتمام پرامن احتجاجی طلبا پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذاکرات کے دوران طلباء پر بلاجواز لاٹھی چارج اور شیلنگ کرکے انہیں زخمی وگرفتار کرنے کے ناروا اقدام کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ بیان میں زخمی طلباء کا سرکاری سطح پر فوری علاج کرانے ، اس حملے میں ملوث اہلکاروں کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے اور طلباء کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ بیان میں پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر پارٹی امور کے متعلق کسی قسم کا مواد اپلوڈ کرنے ، کمنٹس کرنے اور کسی بھی قسم کی رائے زنی سے اجتناب کریں اور کارکنوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر مسلسل رائے زنی پارٹی آئین اور نظم وضبط کے خلاف اور قابل گرفت عمل ہے ۔ اجلاس پیر 3اکتوبر کو بھی جاری رہیگا ۔ اجلاس میں سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیاتوال ، صوبائی سینئر نائب صدر محمد عیسی روشان ، صوبائی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، سید عبدالقادر آغا ،فقیر خوشحال کاسی ، عبدالمجید خان اچکزئی ، سید شراف آغا، علاوالدین کولکوال ، سردار امجد ترین اور خوشحال کاکڑ نے شرکت کی۔