گاڑی کے 5 ٹائروں کی تبدیلی، 2 کروڑ 33 لاکھ روپے خرچ

October 04, 2022

اسلام آباد ( قاسم عباسی) وزیراعلی پنجاب کے دفتر نے ایک وی وی آئی پی گاڑی کے محض 5؍ ٹائرتبدیل کرنے پر2کروڑ 33؍ لاکھ روپے خرچ کرڈالے۔

رواں مالی سال کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی دفتر کی گاڑیوں کی مرمت اور بحالی کے لئے 3؍ کروڑ روپے کا بجٹ مختص ہے۔ اس طرح 80؍فیصد بجٹ 5؍ ٹائروں کی تبدیلی پر ہی خرچ ہوگیا، یہ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی سیکورٹی پر گاڑی کے ٹائر ہیں۔

اس بات کا انکشاف ایک سرکاری دستاویز میں کیا گیا ہے،گوکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی بھی پوری نہیں ہوئی اور وزیر اعلیٰ کے دفتر نے گاڑیوں کی بحالی اور مرمت کیلئے مزید تین کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی مرمت اور بحالی کیلئے رکھے گئے فنڈز پہلے ہی ختم ہوگئے ہیں اور اس مد میں اخراجات گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینے سے زائد ہوں گے اس کی وجہ قیمتوں میں اضافہ بتایا گیا ہے لہٰذا رواں مالی سال میں تین کروڑ روپے اضافی گرانٹ کی درخواست کی گئی ہے۔

اس بارے میں موقف جاننے کیلئے کوشش کے باوجود وزیراعلی دفتر سے رابطہ نہیں ہوسکا جبکہ وزیراعلی پنجاب کے سیکریٹری رابطہ رفاقت علی اور ترجمان فضل چوہان بھی بارہا کوششوں کے باوجود دستیاب نہیں ہوسکے البتہ ترجمان حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے رابطہ ہونے پر اس موضع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔