وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کی مدد سے متعلق ڈیش بورڈ کا افتتاح کرنے سے انکار، کارکردگی پرعدم اطمینان

October 04, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کا رئیل ٹائم ڈیش بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے افتتاح کرنے سے انکار کردیا اور ڈیش بورڈ کا افتتاح اب اگلے پیر کو ہوگا۔وزیر اعظم نے ڈیش بورڈ کو بہتر بنا نے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نےوفاقی وزراء احسن اقبال اور امین الحق اور متعلقہ سیکرٹری سے کہاکہ آپ نے پوری کوشش کی ہے لیکن یہ ڈیش بورڈ اس معیار کا نہیں ہے جس کا ہونا چاہیے تھا، گزشتہ روزاسلام آباد میں سیلاب متاثرین کی امداد کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر اس میں رئیل ٹائم میں انفارمشین نہیں آرہی تو کیا فائدہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ناکافی ہے ہم ایک دوسرے کا وقت ضائع کررہے ہیں، میں آج اس کا افتتاح نہیں کروں گا۔