کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی ایڈونٹسٹ اسپتال کا دورہ کیا، جہاں اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی و صحت کی سہولیات، خصوصاً نومولود بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں اور پیدائشی نابینائی کے علاج کے حوالے سے شروع کیے جانے والے نئے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر سینیٹر لال دین، ڈاکٹر بُچ پلل میرو اور جانسن فضل نے وزیر بلدیات کا استقبال کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے سید ناصر حسین شاہ کو بتایا کہ نومولود بچوں میں آنکھوں کی مختلف بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے، جبکہ نئے منصوبے کا مقصد بچوں میں بینائی کے مسائل اور نابینائی کی روک تھام اور علاج کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت آنکھوں کے مسائل کے علاج اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی ایڈونٹسٹ اسپتال کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی۔