محکمہ سماجی بہبود میں کرپشن کی اجازت نہیں دی جائیگی، بی این پی

October 04, 2022

کوئٹہ ( آئی این پی) بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری اور ضلعی جنرل سیکرٹری میر جمال لانگو نے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے کہ محکمہ سماجی بہبود میں لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کا بازار گرم کر ر ہے، اپنی کرپشن کو چھپانے کے لئے آئے روز محکمے کے ذمہ داران افسران کے خلاف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں اور کوئٹہ سے باہر انتقامی تبادلے کیے جا رہے ہیں، معذور افراد کے اس محکمے میں لوٹ کھسوٹ کے لئے جونیئر ترین افسران کو سینئر اسامیوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کرپشن پر کوئی آواز نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی طور پر بھی محکمہ سماجی بہبود میں کرپٹ عناصر کو لوٹ کھسوٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ معذور افراد کے اس محکمے میں کرپٹ ٹولے کو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی منظوری کے باوجود سینئر ترین افسر کی تعیناتی کے احکامات جاری نہیں کیے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے کرپٹ عنا صر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔