2 پاور پلانٹس اگلے سال کے آخر تک کچرے سے بجلی کی پیداوار شروع کردینگے

October 05, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کچرے سے بجلی بنانے والے 2پاور پلانٹس اگلے سال کے آخر تک بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے۔کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے اس سے شہر کا کچرا کار آمد انداز میں ٹھکانے لگایا جاسکے گا ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیرِ صدارت کراچی شہر کے کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبے پر منعقدہ ایک اہم اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی کی لینڈ فل سائٹ پر کچرے سے بجلی بنانے کے 2 بڑے پلانٹ اگلے سال 2023 کے آخر تک بجلی کی کمرشل بنیادوں پر پیدا وار شروع کردیں گے ۔ مذکورہ دونوں پلانٹس میں سے ہر ایک پلانٹ کی پیداواری استطاعت 50 میگاواٹ ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے دونوں پلانٹس کے لئے جگہ اور کچرے کی فراہمی کی یقین دہانی مہیا کردی ہے جبکہ دونوں پلانٹس کی فزیبلیٹی رپورٹ اور دیگر ضابطے کی کارروائی پر تیزی سے کام جاری ہے۔