سیلاب متاثرین، شاہ سلمان کی ہدایت پر فنڈ ریزنگ، 420؍ ٹن امدادی سامان تقسیم

October 05, 2022

اسلام آباد (صالح ظافر) ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں سعودی شاہ سلمان کے ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) کی امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی مشن مطابق، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کے ایس ریلیف نے سعودی عرب میں فنڈ ریزنگ کی مہم شروع کی تاکہ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کی جا سکے۔ کے ایس ریلیف کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان کی ہدایت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے فالو اپ کے نتیجے میں خوراک کے 15؍ ہزار پیکیجز (جن میں روز مرہ کے استعمال کی 1425؍ ٹن اشیاء شامل ہیں) بلوچستان کے متاثرین میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔ سعودی عرب سے 420؍ ٹن امدادی سامان لانے والے 10؍ طیاروں میں 2925؍ فوڈ باکسز، 972؍ این ایف آئی کٹس، 660؍ خیمے، کھجور کے 1682؍ ڈبے، 3192؍ چھوٹے کمبل، 5040؍ بڑے کمبل پاکستان پہنچائے جا چکے ہیں اور یہ سامان این ڈی ایم اے کو کراچی میں فراہم کیا گیا ہے۔ اس ہنگامی ریلیف امداد سے 53؍ ہزار 136؍ لوگ مستفید ہو سکیں گے۔ کے ایس ریلیف کی جانب سے مزید 50؍ ہزار فوڈ پیکیجز، 50؍ ہزار مچھر دانیوں اور پانچ ہزار خیموں کی فراہمی کیلئے ایک اور آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے۔