لندن، 42 ویں سالانہ میراتھن میں 42 ہزار افراد کی شرکت

October 05, 2022

لندن (سعید نیازی) لندن میں منگل کو42 ویں سالانہ میراتھن کا اہتمام کیا گیا جس میں 42 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی ،پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے خصوصی وفد نے بھی میراتھن میں شرکت کی ، پاکستانی ایتھلیٹ عفان نے بھی تمغہ جیت لیا ، اس دوڑ کا آغاز صبح 8بج کر 50 منٹ پر روایتی مقام گرینچ سے ہوا ، 36 اعشاریہ 2میل طویل اس دوڑ میں ناصرف ملک کی معروف شخصیات حصہ لیتی ہیں بلکہ عام شہری بھی اس میں حصہ لیتے ہیں، اس کا بنیادی مقصد نیک اور فلاحی مقاصد کے لئے رقم جمع کرنا ہوتا ہے ، دوڑ میں شریک افراد کی تعداد 42 ہزار کے قریب تھی لیکن لاکھوں افراد ان کی حوصلہ افزائی کے لئے سڑکوں کے اطراف موجود تھے جو تالیاں بجا کر ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے ۔ دوڑ کا مقابلہ کینیا کے ایتھلیٹ نے اور ایتھوپیا کی خاتون نے جیتا اور دونوں کو 31 ہزار پاؤنڈ سے زائد کی رقم انعام میں ملے گی ۔ اسپیشل اولمپک پاکستان کے طاہر نے کہا کہ میراتھن میں ایتھلیٹ عفان نے بھی شرکت کرکے تمغہ حاصل کیا ہے اور یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ عفان نے اسپیشل ایتھلیٹ ہوتے ہوئے ایک کارنامہ پاکستان کے لئے سرانجام دیا ہے ۔اسپیشل ایتھلیٹ عفان کا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ دوڑ میں شریک ہوئے اور تمغہ حاصل کرکے انہیں بہت خوشی ہوئی ہے ۔