بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام مارکیٹوں کو بہتر بنایا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی

October 06, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مارکیٹس کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ ریکوری میں اضافہ کیا جاسکے، محکمہ اسٹیٹ اس سلسلے میں مکمل ڈیٹا تیار کرے اور ریکوری پر متعین عملے کو فعال بنایا جائے، کے ایم سی کی مارکیٹوں میں صفائی ستھرائی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں، محکمہ اسٹیٹ کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ اجلاس کیے جائیں گے، یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ اسٹیٹ کے متعلق فالو اَپ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی،ایڈمنسٹریٹرنے کہا کہ کے ایم سی کے اثاثوں کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کی جائے تاکہ تمام معاملات شفاف طریقے سے چل سکیں انہوں نے ہدایت کی کہ کے ایم سی کی مارکیٹوں میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال اور فروخت پر پابندی ہے، اس ضمن میں بھی مزید اقدامات کیے جائیں دریں اثنا محکمہ انجینئرنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر نے کہا ہے کہ شہر کے ساتوں اضلاع میں سڑکوں کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی کام کسی بھی وقفے کے بغیر جاری رہیں گے، ایڈمنسٹریٹر نے ہدایت کی کہ تمام تر وسائل، مشینری اور افرادی قوت کو استعمال کرکے ترقیاتی کاموں کو وقت پر پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔