ملیر، موٹر سائیکل ملزمان کی فائرنگ سے رینجرز کے 2 اہلکار زخمی

October 06, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں خنجرکے وار اور فائرنگ کے واقعات میں ربنجرز کے 2 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق ملیرکے علاقے کوہی گوٹھ منزل پمپ ندی کے قریب نامعلو م ملزمان کی فائرنگ سے2 رینجرز اہلکارسپاہی محمد رمضان اورسپاہی شاہداقبال گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے ،جنھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دوران گشت رینجرز اہلکاروں نے ایک موٹر سا ئیکل پر سوار2مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان فرار ہوگئے ، تعا قب کر نے پر ملزمان نے رینجرز کے جوانوں پر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے،دریں اثنا نیومیانوالی کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نےفائرنگ کرکے 35سالہ صاحب الرحمٰ کو زخمی کردیا اور فرار وگئے،ناظم آباد نمبر3میں اسماعیلی جماعت خانہ کے قریب تعینات نجی سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ 35سالہ جاویداپنی ہی رائفل سے گولی اتفاقیہ چلنے سے زخمی ہوگیا ، فرنٹیئرکالونی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 22سالہ انس زخمی ہوگیا ،سمن آباد تھانے کی حدود جے ڈی سی کٹ کے قریب جھگڑے کے دوران خنجر کے وار سے فرقان اور سراج زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق دونوں زخمی نشے کے عادی ہیں۔