ناقص کارکردگی، 305پولیس ملازمین کی دو، دوسال کی سروس ضبط

October 06, 2022

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس کے 305ملازمین کی بطورسز ا دو،دوسال کی سروس ضبط کرلی گئی ،ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل فورس کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے سی پی او راولپنڈی کے حکم پرڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ونگ کا قیام عمل میں لایاگیاتھا ۔اس حوالے سے انچارج ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ونگ نے پوٹھوہارڈویژن کے ملازمین کی ایک ہفتہ کی کارکردگی رپورٹ سی پی او کو بھجوائی جس پرانہوں نے ڈویژن کے 305 ملازمین جن میں سب انسپکٹرسے کانسٹیبل اورفرنٹ ڈیسک کاسٹاف بھی شامل ہے کوسزادیتے ہوئے ان کی دو،دوسال کی سروس ضبط کرلی ،سی پی اوکی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق انچارج ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ونگ کی جانب سے پوٹھوہار ڈویژن کی ہفتہ وارکارکردگی 12تا19ستمبر کاجائزہ لیاگیا 305ملازمین کی کارکردگی غیرتسلی بخش اور کمزورپائی گئی۔ذرائع کاکہناہے سزاملنے پرفورس میں شدیدبے چینی پائی جاتی ہے ،بعض ملازمین کامؤقف ہے کہ سزادیتے ہوئے کیامعیارمدنظررکھاگیایہ کسی کومعلوم نہیں ،اورسزاپانے والوں میں سب انسپکٹروں ،اسسٹنٹ سب انسپکٹروں سے لے کر فرنٹ ڈیسک پرکام کرنےوالاسویلین عملہ بھی شامل ہے ،بعض ملازمین نے بتایاکہ جس ہفتہ کی کارکردگی پرسزادی گئی اس پورے ہفتہ میں وہ مجالس ،جلوسوں اورروٹ وغیرہ پرڈیوٹی کرتے رہے نہ جانے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ونگ نے کیسے ان کی کارکردگی کوغیرتسلی بخش قراردے دیا۔ملازمین نے سی پی اوسے مطالبہ کیاہے کہ انہیں دی گئی سخت سزاپرنظرثانی کی جائے اورملازمین کوسزادینے سے قبل نشان دہی کی جائے کہ انہوں نے کیاغلط کیاہے اورقواعدکے مطابق شوکازجاری کرنے کے بعد ان کامؤقف سن کرسزادینے بارے فیصلہ کیاجائے ۔