مرضی کی شادی کرنیوالی لڑکی کو ہراساں نہ کیا جائے، سیشن عدالت

October 07, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے مرضی کی شادی کرنیوالی لڑکی کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان کو ہراساں کرنے سے باز رہنے کا حکم دیا ہے۔ عائشہ بی بی نے ہراسمنٹ کی درخواست دائر کی تھی۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے کمسن بچی کے اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم ندیم کی پولیس مقابلے میں ھلاکت کے معاملہ میں ملوث ملزم اختر کی عبوری ضمانت کنفرم کردی۔شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت منظور۔رقم اور قیمتی اشیاء لوٹنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم آصف کی عبوری ضمانت پر وکلاء بحث کے لئے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں ملوث ملزم جنید کی عبوری ضمانت پر سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم اظہر کی عبوری ضمانت پر سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان نے 15 اور 18 سالہ لڑکی سے جنسی زیادتی اور نشے پر لگا کر غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے کے مقدمہ میں گرفتار معروف صنعت کار شیخ عبدالحمید کی ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی ساتھی ملزم مسعود اختر کی عبوری ضمانت پر سماعت 8 اکتوبر کو ہوگی۔