سرکاری دورے بے سود، ڈینگی متاثرہ علاقوں میں صورتحال خراب

October 07, 2022

راولپنڈی( اپنے رپورٹرسے) ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے ڈینگی متاثرہ علاقوں کے دورے بھی صورتحال کو بہتر کرنے میں معاون نہیں ہورہے ہیں اور ڈینگی بدستور بے قابو ہے۔دوروں کے باعث ڈپٹی کمشنر آفس میں آنے والے سائلین بھی واپس چلے جاتے ہیں جبکہ سرکاری امور کیلئے رکھے گئے اجلاس بھی ملتوی ہوجاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق چک جلال دین میں ڈینگی پھیلنے کی ایک وجہ تعمیراتی سرگرمیاں بتائی گئی ہیں ۔ضلعی انتظامیہ نے خود علاقے میں گلیوں کی تعمیر شرو ع کررکھی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے جمعرات کو بھی گرجا روڈ چک جلال دین کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ،غیر معیاری کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ طاہر فاروق نےکہاکہ ڈینگی نے چک جلال دین کا علاقہ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ علاقے کو خصوصی طور پر فوکس کرکے فوگنگ اور آئی آر ایس سپرے کیا گیا اور کچی گلیوں کو پختہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔