سپریم کورٹ بار سیاسی جماعتوں میں ثالث کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار

November 26, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری مقتدیر اختر شبیر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی افراتفری کے حل کے لئے سیاسی جماعتوں کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے جمعہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاست دانوں کا فرض ہے کہ وہ قوم کو صحیح سمت میں لے جائیں، اس وقت ملک شدید سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما تجربہ کار اور سمجھدار ہیں اور سیاسی جماعتوں کے لئے وقت آگیا ہے کہ وہ ملک کے لئے سیاسی اور معاشی راستے کا مشورہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کے کندھوں پر قرض ہے کہ وہ ملک کو معاشی اور سیاسی انتشار سے نکالنے کا کوئی حل نکالیں اور ملکی خوشحالی کا راستہ بتاکر آنے والی نسلوں کے لئے ایک اچھی مثال چھوڑیں۔