بھارت، 4 کسانوں کا قاتل چیتا سزا کے طور پر چڑیا گھر منتقل

November 26, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں 4لوگوں کو قتل کرنے والے چیتے کو سزا کے طور پر چڑیا گھر بھیج دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ جنگلات کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز 8 سالہ چیتے کو لکھیم پور کھیری سے کانپور کے چڑیا گھر منتقل کرنے کے تمام تر انتظامات کو مکمل کر لیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق چیتے نے لکھیم پور کھیری کی تحصیل گولا میں 23 اگست سے 20 نومبر تک 4 کسانوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دو ماہ سے زائد عرصے کی محنت کے بعد وائلڈ لائف حکام چیتے کو پکڑنے میں کامیاب ہوئے اور مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے اسے چڑیا گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔