13 سالہ بچے کو تلاش کے بعد حقیقی والدین کے حوالے کردیا

November 27, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گزری پولیس نے گزشتہ روز گزری کے علاقے پی این ٹی کالونی سے لاپتہ ہونے والے 13سالہ بچے مصطفیٰ کو تلاش کے بعدحقیقی والدین کے حوالے کر دیا۔گزشتہ روز مصطفیٰ اسکول کے لئے گھر سے نکلا تو واپس گھر نا لوٹا جس پر بچے کے والدین کی جانب سے پولیس کو معاملے کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔بچوں کی گمشدگی اور اغوا سے متعلق حالیہ واقعات کے پیش نظر معاملے کو انتہائی حساس جانتے ہوئے پولیس کی جانب سے بچے کی تلاش میں گھر گھر تلاشی کا عمل بھی جاری رہا۔ رات گئے پولیس بچے کی تلاش میں مصروف تھی کہ اسی دوران اطلاع ملی کہ بچہ علاقہ اعظم بستی میں کسی نامعلوم شخص کے ساتھ ہے۔ پولیس بچے کے والدین کے ہمراہ فوری طور پر بچے کی جائے موجودگی پر پہنچی تو بچے کے ساتھ موجود نامعلوم شخص پہلے ہی فرار ہو چکا تھا،نامعلوم شخص کے اس فعل کے بعد شبہ ہے کہ وہ بچے کے ساتھ کسی قسم کی برائی کی نیت رکھتا تھا تاہم ابتدائی تفتیش کے دوران بچے کے ساتھ کسی غلط فعل کا کوئی نشان نہیں ملا۔ پولیس کی جانب سے لاپتہ ہونے والے بچے کو بچے کے حقیقی والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے جس پر والدین کی جانب سے پولیس کا شکریہ ادا کیا گیا۔