موسمیاتی جنگ جیتنے کیلئے عملی کوششوں کی ضرورت ہے، مقررین

November 28, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) موسمیاتی جنگ کو جیتنے کے لیے عملی کوششوں کی ضرورت ہے،بحران ایک فرد کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے،ڈیمج اینڈ لاس فنڈ تاریخی معاہدہ ہے لیکن اصل مرحلہ عمل درآمد کا ہے، ان خیالات کا اظہار مقررین نے این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، انسٹی آف انجینئرز پاکستان ، یونیسکو چیئر فار سسٹین ایبل اربن ریجن اور ایس ڈی جیز سپورٹ یونٹ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ حکومت سندھ کے اشتراک سے دو روزہ عالمی کانفرنس میں کیا، جس کے مہمانِ خصوصی ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب تھے، ترجمان جامع کے مطابق کانفرنس کا مقصد موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات سے متعلق آگہی تھا، کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نجیب ہارون،جب کہ انڈونیشن کونسل جزل Dr june kuncoro نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی، استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی اور کو چئیر/ چئیرمین آئی ای پی سہیل بشیر کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے پیش نظر متاثرہ ممالک میں آگہی پہلا قدم ہے، شیخ الجامعہ این ای ڈی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اہداف مقرر کیے، میں سمجھتا ہوں کہ ڈیمج اینڈ لاس فنڈ تاریخی معاہدہ ہے لیکن اصل مرحلہ عمل درآمد ہے،سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین، یونیسکو چئیر ہولڈر سسٹنیبل اربن ریجن پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، ایسوسی کانفرنس چئیر انجینئر محمد عباس ساجد، سیکریٹری کانفرنس پروفیسر ڈاکٹر عبدالجبار سانگی، چیف آرگنائزر کانفرنس ڈاکٹر فرخ عارف سمیت مقررین پینل کا حصہ رہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کانفرنس کوپ 27 میں ہونے والی پیش رفت ماحولیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام ہے، فنڈ کا اعلان ایسے ممالک کے لیے اُمید افزا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہیں۔