مجاہد کالونی، مکان کے ٹینک میں گرنے والے بچے کی نماز جنازہ ادا

November 28, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مجاہد کالونی میں جاری آپریشن کے دوران مولانا ضیاء اللہ کا 7 سالہ بیٹا حماد افراتفری میں پڑوسی کے زبردستی خالی کردہ مکان کے پانی کے کھلے ٹینک میں گر کر جاں بحق ہوگیا ، اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائر بریگیڈ اسٹیشن کےسامنے مین روڈ پر جے یو آئی کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان کی امامت میں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،جس میں مجاہد کالونی ایکشن کمیٹی کے اراکین، مجاہد اور واحد کالونی کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، قبل ازیں مولانا ضیاء اللہ کے گھر پرعوام سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد عثمان نے ایس ایس پی سینٹرل ، ایس پی لیاقت آباد، ڈی ایس پی ناظم آباد، ایس ایچ او ناظم آباد کی جانب سے غمزدہ خاندان کے گھر جاکر اس حادثے پرانہیں پریشر میں لا کر اپنی مرضی کے بیان لینے جیسے جانبدارانہ رویے کی شدید مذمت کی اور آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ ضلع سینٹرل کی پولیس کے جانبدارانہ رویے، محکمہ جاتی ذمہ داری سے تجاوز اور عوام پر مظالم ڈھانے کا نوٹس لیکر ان سب کو معطل کرکے انصاف کا بول بالا کریں، علاوہ ازیں مجاہد کالونی ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس قاری محمد عثمان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بچے کی شہادت پر انصاف پر مبنی ایف آئی آر درج نہ کی گئی تو پیر کو کورٹ سے اصل ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کیلئے وکلاء سے ملاقات کرکے تعاون کی اپیل کی جائے گی۔