پشاور انتظامیہ کارروائیاں ، مختلف اسٹوروں و مالز کے منیجرز گرفتار

November 28, 2022

پشاور ( وقائع نگار )پشاور کی ضلعی نتظامیہ نے سرکاری چھٹی کے روز بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ یونیورسٹی روڈ پر مختلف سٹوروں و مالز کے باہر ٹریفک کا انتہائی رش ہے جس پر ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ اس حوالے سے علاقہ مجسٹریٹ / ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی نے متعلقہ ایس ایچ او اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران پتا چلا کہ سیفائر سٹور، لائم لائیٹ اور ایتھینک سٹور کے باہر گاڑیوں کا انتہائی رش ہے جس کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام ہے جس پر تینوں سٹوروں کے منیجرز کو مزید کارروائی کے لیے گرفتار کر لیا گیا۔ سیفائر پلازہ کی پارکنگ کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا جس پر مالک کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر دی گئی ہے۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی روڈ پر تمام پلازہ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پلازوں میں مخصوص پارکنگ کو صرف پارکنگ مقاصد کے لئے استعمال کریں اور سڑک پر گاڑیاں کھڑی نہ کروائیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ معمول کے مطابق رہے بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی