50 پلس کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان، ظہور الٰہی کپتان مقرر

November 29, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) 5سے 20مارچ تک کیپ ٹاؤن میں ہونیوالے 50سے زائدعمر کے ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ میں 14ممالک کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے:پاکستان، جنوبی افریقا، انگلینڈ، ویلز، بھارت، نمیبیا اور امریکہ۔ اور گروپ بی میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، کینیڈا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں ہیں۔ ہر ٹیم چھ گروپ میچ کھیلے گی اور ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جائیں گی۔ گروپ میچز 6مارچ سے شروع ہوں گے۔ فائنل میچ 19مارچ 2023کو دی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ سابق ٹیسٹ کھلاڑی ظہور الٰہی کپتان، جعفر قریشی نائب کپتان ہوں گے دیگر کھلاڑیوں میں محمد جاوید، اظہر خان، احمد حیات، مظہر حسین، شاکر بھگت، جام نفیس، نعیم طیب، فواد بیری، محمد حفیظ، امتیاز احمد، جمشید علی، رؤف وائیں، حافظ خالد، آصف ہمایوں، عامر سبزواری اور ریحان رؤف شامل ہیں۔ ڈاکٹر اسجد علی (منیجر) ہوں گے پاکستانی ٹیم 3مارچ 2023 کو کیپ ٹاؤن روانہ ہوگی۔