پاکستانی فاسٹ بولرز اچھے، اسپنرز کو کھیلنا بھی مشکل ہوگا، اولی پوپ

November 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلش بیٹر اولی پوپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس کافی اچھے تیز بولر ہیں، انکے اسپنرز کو کھیلنا بھی مشکل ہے، پاکستان میں ریورس سوئنگ کا کردار اہم ہوگا، یہ سیریزچیلنج بھی ہے۔ پیر کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں کھیل رہا ہوں ، کوشش ہے کہ کنڈیشن سے جلد ہم آہنگ ہوں۔ انفرادی گول نہیں، خواہش ہے کہ ٹیم کی جیت میں کردار ادا کروں۔ پچھلے میچز میں اسکور کئے ہیں جس کی وجہ سے اعتماد محسوس کررہا، کوشش ہوگیفارم کا سلسلہ جاری رکھوں۔ ہم یہاں بھی جارحانہ کرکٹ ہی کھیلیں گے۔ دنیا کو معلوم ہوچکا ہے کہ اب انگلینڈ کیسی کرکٹ کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی پچز پر جارح مزاجی کے ساتھ ساتھ دیکھ کر کھیلنا ہوگا، شاہین شاہ کا نہ ہونا اچھی بات ہے لیکن اس سے ہمیں برتری نہیں مل رہی۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ کے ساتھ دیگر بولرز بھی کافی اچھے ہیں،ساتھیوں نے بتایا کہ ٹی 20میں تماشائیوں کی بڑی تعداد آئی تھی۔ چاہتا ہوں کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی میدان تماشائیوں سے بھرا ہوا ہو۔ پاکستان آکر اچھا لگ رہا، سیکیورٹی زبردست ہے۔