اراضی اور شادی کےتنازع پر 2 افراد قتل، حادثہ میں ماں، بیٹی جاں بحق

November 29, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں دو شہریوں کو قتل کردیاگیا ماں ، بیٹی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گئیں۔ تھانہ بھارہ کہو میں شیر ملک نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ شور سن کر دیکھاتو راجہ ولید اکرام صدام گجر، سونیا قیوم ، شبانہ قیوم میرے چچا فضل کریم کا دروازہ توڑنے کی کوشش کررہے تھے جیسے ہی چچا نے دروازہ کھولاتو سونیاقیوم نے کہاکہ انکو جان سے ماردو، جس پر راجہ ولید اورصدام نے گولیاں چلادیں۔ چچاکو ہسپتال لے جارہے تھے کہ وہ راستے مٰیں دم توڑ گیا، وجہ عناد یہ ہے کہ کرنل نوبہار اور سونیاقیوم کے مابین زمینی تنازعات کے باعث مقدمات چل رہے ہیں۔ادھر تھانہ کرپا میں اختر علی نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ اسکے بھائی اکبرعلی کی پہلی شادی خالہ ذاد فہمیدہ سے ہوئی جس سے اولاد نہ ہونے پر اس نے نو سال قبل دوسری شادی کی جس سے ایک بیٹا عمر آٹھ سال اور ایک بیٹی عمر نوماہ ہے ، بھائی کی پہلی بیوی ، اسکے بھائی سلیمان چچا میاں جان نے دوسری شادی پر کئی مرتبہ دھمکی دی اور قاتلانہ حملہ بھی کیا ۔گذشتہ روز بھائی بازارگیاتو اس کو گولی لگنے کی اطلاع پر موقع پر گیاتو وہ جاں بحق ہوچکاتھا، بھائی کو متذکرہ بالا ملزمان نے قتل کیاہے ۔ دریں اثناءتھانہ آئی نائن پولیس کو خالد خان نے بتایا کہ رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب میری والدہ کراچی کمپنی سے گھر جانے کے لئے گھر کے دیگر افراد کے ہمراہ پیدل سرینگر ہائی وے کراس کر رہی تھیں کہ سرکاری گاڑی نمبر GV 171 نے ٹکر مار دی جس سے والدہ ثریا بی بی، سات سالہ عالیہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ ثریا دختر شریف خان شدید زخمی ہوگئی ۔بعد ازاں معلوم ہوا کہ گاڑی ڈرائیور فہیم چلا رہا تھا ۔