پوری طرح تیار، کوشش ہوگی انگلینڈ کیخلاف بہترین بولنگ کروں، نسیم

November 30, 2022

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بہترین بولنگ کا مظاہرہ کروں، اچھی ٹیم کے خلاف کھیل کیلئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں۔ بہترین بیٹسمین کے خلاف بولنگ کرنے میں مزہ آتا ہے، میچ کے وقت یہ یاد نہیں رکھتا کہ میرے سامنے کتنا اچھا بیٹسمین ہے پاکستان اور انگلینڈ کی کنڈیشنز مختلف ہیں۔ منگل کو پنڈی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے جارح مزاج بیٹرز کے سامنے ٹیم کی ضرورت کے مطابق نئے بال کو استعمال کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تجربہ کار جیمز اینڈرسن کی محنت دیکھ کر بہت حیرانی ہوتی ہے، انہیں وکٹیں لینے کا طریقہ آتا ہے۔ کاؤنٹی کرکٹ میں بولنگ کر کے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔