ڈیرہ، قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی، 520 کنال سرکاری اراضی واگزار

November 30, 2022

پشاور (جنگ نیوز) کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عامر آفاق کی خصوصی ہدایات پر ڈویژن بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تسلسل میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نصراﷲ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پروآ کرامت اﷲ نے نائب تحصیلدار پروآ، ریونیو سٹاف اور لوکل پولیس نفری کے ہمراہ ہزارہ ڈرین میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 520کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہناتھا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور ایسے عناصر کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نصراﷲ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر درابن نادر نذر نے بھی درابن بازار میں قبضہ مافیہ کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 630 کنال سرکاری اراضی پر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور متعلقہ ضلع کی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔