عالمی نمبر دو بلجیم آؤٹ، مراکش 36 سال بعد پری کوارٹر فائنل میں داخل

December 02, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) ورلڈ کپ فٹبال میں جمعرات کو گروپ ایف کے میچز مکمل ہوگئے۔ اس گروپ سے مراکش اور کروشیا کی ٹیموں نے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، مراکش نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، عالمی نمبر دو بلجیم کی ٹیم لاسٹ 16 میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔بلجیم کے اسٹار رومیلو لوکاکو نے گول اسکور کرنے کے آسان چانسز گنوائے۔ میچ کے پہلے ہاف میں کروشیا کو پینلٹی ملی تھی جسے متنازع طور پر وی اے آر پر ایکشن ری پلے دیکھنے کے بعد منسوخ کردیا گیا۔ مراکش کی ٹیم 36سال بعد پری کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے اس سے قبل اس نے 1986میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں لاسٹ16میں کوالیفائی کیا تھا، رواں ورلڈکپ میں مراکش نے تین میں دو میچ جیتے، ایک برابر کھیلا اس نے چار گول بنائے اور اس کے خلاف واحد گول جمعرات کے میچ میں ہوا۔ رائونڈ میچ میں بلیجئم کو ہرانے کے بعد اسے پری کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا۔ مراکش کی جانب سے چوتھے منٹ میں حکیم زیوش نے اسکور کیا23ویں منٹ نصیری یوسف نے دوسرا گول بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی،40ویں منٹ میں کینیڈا کی طرف سے اگور ڈینف نے تین کھلاڑیوں کو ڈاج دے کر ایک گول کی سبقت کم کردی مگر دوسرے ہاف میں مراکشی کھلاڑیوں نے بھر پور مہارت اور گیند کنٹرول سے خود کو میدان سے کامیابی کے ساتھ نکالا۔ دوسرے میچ میں بلجیم کی ٹیم کروشیا کے خلاف خاطر خواہ نتائج نہ دے سکی۔ بیلجیم کی ٹیم کی ایونٹ میں کارکردگی خاصی مایوس کن رہی ہے، اس نے صرف ایک میچ جیتا،کروشیا کے خلاف اس کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے دفاعی کھلاڑیوں کو ڈاج دینے کی ہر ممکن کوشش کی مگر کوئی بھی کھلاڑی گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیابی حاصل نہ کرسکا موجودہ ورلڈ کپ کا یہ چھٹا مقابلہ تھا جو بغیر گول کے برابر رہا، کینیڈا کی ٹیم کوئی میچ نہ جیت سکی۔