دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کی آمدورفت، لگتا ہے اس شہر میں پولیس ہے ہی نہیں، ہائیکورٹ

December 03, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہر میں دن رات ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر سندھ حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی آئی جی ٹریفک کو طلب کرلیا، درخواست کی سماعت پر جسٹس ندیم اختر نے 15 سال سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سندھ حکومت اور ٹریفک پولیس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہیوی ٹریفک کے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد دہشت گردی کے واقعات میں ہلاکتوں سے زیادہ ہے، ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی کے اوقات کار پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا، اگر ایسا ہے تو پھر آئی جی سندھ کو بلوا لیتے ہیں، لگتا ہے اس شہر میں پولیس ہے ہی نہیں، 27 اگست 2007 کو حکم دیاتھا کہ ہیوی ٹریفک کو دن کے اوقات میں شہر میں داخل نہیں ہونے دیا جائے، سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ عدالت میں موجود تمام افراد سب جانتے ہیں عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے، عملدرآمد کا دعویٰ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، ایس ایس پی ٹریفک نے کہا عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں گے، عدالت نے سرکاری وکیل کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دے دی، عدالت نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے سے متعلق میکنیزم پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔