انگلینڈ کا دلیرانہ ڈیکلریشن، پنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں، پاکستان کیلئے صورتحال مشکل

December 05, 2022

راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) انگلینڈ کے دلیرانہ ڈیکلریشن کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم پنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کے وکٹ گنوانے کے بعد مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ ٹیسٹ بچانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ پانچویں دن کھیل دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔چوتھے دن چائے کے وقفے پر اس نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کو343رنز کا مشکل ہدف دیا۔ انگلینڈ کو کامیابی کے لئے آخری آٹھ وکٹیں جبکہ پاکستان کو مشکل ہدف کے تعاقب میں مزید263 رنز کی ضرورت ہے۔ اتوار کو پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے دوسری اننگز میں دو وکٹ پر 80 رنز بنائے تھےامام الحق سات چوکوں کی مدد سے43 اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سعود شکیل42 گیندوں پر24 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔25 رنز پر دو وکٹ گرنے کے بعد دونوں نے تیسرے وکٹ کی شراکت میں55 رنز بنالئے ہیں۔ سعود شکیل کا کیچ جینگز نے ڈراپ کیا۔ پاکستان نے دوسری اننگز شروع کی تو پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق چھ رنز بناکر رابنسن کی گیند پر غیر ذمے دارانہ اسٹروک کھیلتے ہوئےآؤٹ ہوگئے انہوں نے چھ رنز بنائے۔ اظہر علی کے دائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی پر گیند لگی ۔کپتان بابر اعظم پانچ گیندوں پر چار رنز بناکر بین اسٹوکس کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ اس سے قبل انگلش ٹیم کو 78 رنز کی سبقت ملی تھی۔ پہلی اننگز کے سنچری میکرہیری بروک نے65 گیندوں پر87 رنز تین چھکے اور گیارہ چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ بین ڈکٹ پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے، اولی پوپ 13 جب کہ زیک کرولی 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جوروٹ نے69 گیندوں پر73 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے شامل تھے۔کپتان بین اسٹوکس صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ول جیکس نےتین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے13 گیندوں پر24 رنز بنائے۔ نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا۔ سلمان آغا 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ یہ ان کی دوسری نصف سنچری ہے ۔ زاہد محمود 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سلمان آغا اور زاہد محمود کی شراکت میں83گیندوں پر57رنز بنے۔ زاہد نے حارث رؤف کے ساتھ 22رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ نسیم شاہ 15 اور حارث رؤف 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 579 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پہلا ٹیسٹ کھیلنےوالے اسپنرول جیکس نے161 رنز دے کر چھ ، جیک لیچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن نے ایک ایک وکٹ لی۔