ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو معاوضے جنوری میں مل جائینگے

December 05, 2022

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جنوری میں ڈومیسٹک کرکٹ کی51 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے 221 سینٹرل کنٹریکٹ اور ریٹینر شپ حاصل کرنے والوں کو پانچ ماہ اگست سے دسمبر تک کی ادائیگی یکمشت کردی جائے گی۔ بورڈ آف گورنرز نے ستمبر کے آخر میں اضافے کی منظوری دی تھی اس لئے ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ چیمپئن ٹیموں کی بھی پرائز منی کی ادائیگی آئندہ ماہ کردی جائے گی۔ پی سی بی ترجمان نے اتوار کو نمائندہ جنگ کو بتایا کہ میچ فیس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ وائٹ بال کا معاوضہ چالیس ہزار سے بڑھا کر ساٹھ ہزار، ریڈ بال کھیلنے والوں کی میچ فیس 60ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ کھلاڑیوں کو معاوضوں کی ادائیگی نہیں ہورہی ہے۔