ملک سیاسی عدم استحکام سے دوچار شفاف انتخابات نا گزیر، ہمایوں اختر

December 05, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیرہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک سیاسی اور معاشی طور پر جس طرح عدم استحکام سے دوچار ہے ایسے حالات میں سارے ملک میں صاف و شفاف انتخابات نا گزیر ہیں ،پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیوں کی تحلیل ، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں سے پی ٹی آئی کے استعفوں کے بعد567نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد نا ممکن اقدام ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ میں زین احمد شیخ،چوہدری شاہد سرور،شاہد عمران بھٹی،رانا ساجد حسین ، گل نواز ،شیخ ریاض اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ریاست کا نظام چلانے والے تمام اشاریوں کا رجحان منفی ہے جو لمحہ فکریہ ہے ، گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں برآمدات18فیصد کم ہو چکی ہیں،زر مبادلہ کے ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں۔