رشتہ سے انکار پر خاتون قتل، جنونی شخص نے عورت کو بس تلے کچل دیا

December 06, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں دو خواتین کو قتل جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے،تھانہ کورال کے علاقے میں رشتہ دینے سے انکا ر پر خاتون کو گھر کے اندر گھس کر گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ مقدمہ درج کرواتے ہوئے طلحہ نے بتایاکہ وہ اپنی والدہ ناصرہ بی بی اور دو بہنوں کے ہمراہ موجود تھاکہ اسی اثنا میں وقاص گھر میں داخل ہوا اور اس نے والدہ پر گولیاں چلا دیں۔ ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ نامعلوم کے ہمراہ موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا، ملزم نے ہمشیرہ( ح )کا رشتہ مانگا تھا مگر والد ہ نے انکار کردیا تھا۔ تھانہ بھارہ کے علاقے میں جنونی شخص نے میاں بیوی سمیت تین افرادکو بس کے نیچے کچل دیا، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی ۔ حفیظ نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ میں اپنی بیوی یاسمین کے ہمراہ اپنے بھائی صغیر کے پاس گاؤں آیا تھا ۔ صغیر ہمیں گاؤں گرینی جانے کے لیے اٹھال چوک بھارہ کہوچھوڑگیا، ہم بس کا انتظار کررہے تھے کہ ایک شخص نے ہمارے سامنے گالیاں دینا شروع کردیں اور کہنے لگا کہ کسی عورت کو سڑک پر نہ دیکھوں ۔ پھر وہ سامنے کھڑی بس پر چڑھ گیا اور بس ہمارے اوپر چڑھادی جس کے نتیجے میں میں ، میری بیو ی اور مدثر نامی شخص شدید زخمی ہوگئے ، ہسپتال جانے کے دوران بیوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ ملزم کا نام افتخاراحمد ولد محمد رفیق سکنہ نیومری معلوم ہوا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔