ہائیکورٹ: تیزاب گردی کا ملزم رعایت کا مستحق نہیں، سزا و جرمانہ برقرار

December 06, 2022

ملتان ( سٹاف رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جسٹس شکیل احمد احمد اور جسٹس محمد امجد رفیق نے دانیوال( وہاڑی)کے تیزاب گردی کے مرتکب ملزم آفتاب نزیر کی سزا کو برقرار رکھا اور کہا کہ وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے۔استغاثہ کے مطابق ملزم آفتاب نزیر نے نورین بی بی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا۔عدالت نے اسے 14 سال قید اور 58 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ جج جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے پروفیسر فہد لابر کی رٹ درخواست پر زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور سنڈیکیٹ سے 13 دسمبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔ پیٹیشنر کے وکیل شیخ جمشید حیات نے موقف اختیار کیا کہ انہیں اعلی تعلیم کیلئے تین سال کی مطالعاتی چھٹیاں تنخواہ کے ساتھ دی گئیں مگر اب مزید چھٹیاں بلا تنخواہ دی جارہی ہیں۔جسٹس محمد امجد رفیق نے تھانہ شاہ رکن عالم کے مقدمہ میں ایک ملزم نادر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔فاضل عدالت نے متعلقہ ڈاکٹروں کی رائے لینے کیلئے انہیں طلب کیا کیونکہ زخمی کو تین گولیاں لگی تھیں۔جسٹس محمد رضا قریشی نے چیف انجینئر ایریگیشن قلب عباس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔