البانیہ کے سابق وزیراعظم کو مُکا پڑگیا، چہرے سے خون نکل آیا

December 07, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) البانیہ کے سابق وزیراعظم اور سابق صدر سیلی بیریشا کو دارالحکومت تِرانا میں حکومت مخالف احتجاجی ریلی کی قیادت کے دوران مُکا پڑ گیا، مکا پڑنے سے سابق وزیراعظم اور اپوزیشن رہنما کے چہرے سے خون نکل آیا۔ ملک میں پہلی یورپی یونین اور بلکانز سمٹ کے موقع پر اپوزیشن کے حامیوں نے سمٹ کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اپوزیشن رہنما سیلی بیریشا کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم ایدی راما استعفیٰ دیں اور قبل از وقت انتخابات کروائے جائیں۔بیریشا اپنے کارکنوں کے ساتھ مرکزی احتجاج میں شرکت کے لئے ریلی لے کر جا رہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے انہیں منہ پر مکا مارا۔ حملہ آور کو ان کے حامیوں نے گھیر کر زد و کوب کیا اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔خیال رہے کہ بیریشا البانیہ کے صدر اور وزیراعظم رہ چکے ہیں۔