اسلامی ممالک مشترکہ منڈی اور دفاع کیلئے قدم بڑھائیں، سراج الحق

December 07, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشترکہ منڈی اور مشترکہ دفاع کے لیے قدم بڑھائیں۔ جماعت اسلامی امت کو متحد دیکھنا چاہتی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ اسلامی دنیا کو قیادت فراہم کر سکتے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ نے مسئلہ کشمیر اور شمالی قبرص پر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے، رجب طیب اردگان کا مسئلہ فلسطین اور اسلامو فوبیا پر کردار قابل تحسین ہے۔سراج الحق نے کہا کہ اسلامی دنیا کو باہمی اختلافات بھلا کر مشترکہ مفادات کو فوقیت دینی چاہیے۔