ای۔ گورننس اور سٹیزن فیسیلیٹیشن سینٹرز منصوبوں پر کام مکمل

December 07, 2022

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، کھیل وامور نوجوانان اور خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا شہریوں کو بہتر، شفاف اور بر وقت خدمات کی فراہمی کیلئے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کی طرف گامزن ہے اور اس سلسلے میں صوبے میں مختلف آئی ٹی کے منصوبوں پر کام جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای۔گورننس اور سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کے منصوبوں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد خان، منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، صوبائی وزیر کو مذکورہ منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ دونوں منصوبوں کے ایپ،تکنیکی تربیت اور دیگر لوازمات مکمل کر لی گئی ہے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سیٹیزن فیسلیٹیشن سنٹرز کے پہلے مرحلے میں پانچ محکموں کے انیس خدمات شہری آن لائن اور موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کر سکیں گے جسے بتدریج وسعت دی جائے گی اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں منصوبوں پر عملدرآمد سے نہ صرف شہریوں کو آسان،تیز اور شفاف طریقے سے خدمات کی فراہمی یقینی ہو جائیگی بلکہ محکمانہ انتظامی امور میں بلا وجہ تاخیر کا تدارک بھی ہو جائے گا، انھوں نے کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، عاطف خان نے متعلقہ حکام کو تمام منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے تا کہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ منصوبوں سے عوام بھرپور انداز میں استفادہ حاصل کر سکے۔