الیکشن کمیشن آئین کے مطابق کام کررہا ہے، انتخابی فہرستیں مکمل کرلیں، اعجاز چوہان

December 08, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق کام کررہا ہے،انتخابی فہرستوں کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے،اپنے حلقوں میں بہترین نمائندے کو منتخب کرنا ہر شہری کا اولین فرض ہے، معذور افراد کےلیے کام کررہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر صوبائی الیکشن کمیشن میں تقریب سے خطاب میں کیا، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (ایڈمن) جاوید اقبال خٹک ،جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر الیکشنز علی اصغر سیال اور دیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں ڈائر یکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دیگر افسران، الیکشن کمیشن کے ریٹائر ڈ افسران مختلف این جی اوز اور سی ایس اوز نے شریک تھے ، اعجاز انور چوہان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی رہنمائی اور قیادت میں الیکشن کمیشن انتخابات کے جمہوری عمل و منصفانہ شفاف اور غیر جانبدار رکھنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے، خواتین ووٹرز کی تعداد بڑھانے کیلئے ضلعی ووٹر ایجوکیشن ٹیمیں کی بنائی گئی ہیں،الیکشن میں شمولیت کے لیے خواتین کی 5فیصد نمائندگی لازمی ہے، بلدیاتی انتخابات کادوسرا مرحلہ 15 جنوری کو ہوگا۔