موسم سرما میں صحت مند رہنے کے نسخے

December 08, 2022

کمزور قوتِ مدافعت کے حامل افراد کے لیے سردیوں کا موسم کافی کٹھن ہوتا ہے۔ اس موسم میں جہاں نوجوان بہت خوش اور ہشاش بشاش نظر آتے ہیں، بچوں اور بوڑھوں کو اس موسم میں اضافی دیکھ بھال اور احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ سردی ان پر جلدی حملہ آور ہوجاتی ہے جس کے نتیجے میں انھیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کہتے ہیں احتیاط علاج سے بہتر ہے، یعنی ہم اپنی عادات و اطوار کو بہتر کرلیں تو ہمیں سردیوں کی عمومی بیماریاں لے کر ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت شاید نہ پڑے، ہماری صحت ہمارے اپنے ہی ہاتھ میں ہے۔ مثلاً آپ کو اسکول یا دفتر میں بیکٹیریا سے بچ کررہناہے اور سرد موسم میں ٹھنڈے پانی سے پرہیز کرنا ہے۔ اس قسم کی بہت سی احتیاطیں اور عادات ہیں، جن پر عمل کرکے آپ نزلہ و زکام سے بچ کر سردیاں گزار سکتے ہیں۔ ذیل میں موسم سرما میں صحت مند رہنے کے چند کارگر نسخے بتائے جارہے ہیں۔

آئرن سے بھرپور کھانے

سردیوں کے موسم میں آئرن سے بھرپور کھانے کھانا انسانی صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔ اپنے جسم میں آئرن کی مقدار کو اپنے لیول پر رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ سریوں کے موسم میں آئرن سے بھرپور غذائیں کھائیں۔ دالیں، سرخ گوشت، ہری سبزیاں، بیج، چنے اور ڈرائی فروٹس یعنی میوہ جات میں آئرن کی بے انتہا مقدار پائی جاتی ہے۔

وٹامن ڈی کی مقدار بڑھائیں

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ، وہ لوگ جو روزانہ وٹامن ڈی مطلوبہ مقدار سے کم حاصل کرتے ہیں، ان کی ہڈیوں کی نشوونما میں کمی، دل کے امراض میں زیادتی اور کمزور قوت مدافعت دیکھی گئی ہے۔ تحقیق اس بات پر بھی زور دیتی ہے کہ بچوں میں وٹامن ڈی کی مناسب سطح کو باقاعدگی سے چیک کرواتے رہنا چاہئے۔ یہ بات تو سبھی جانتے ہیں کہ وٹامن ڈی دھوپ یعنی سورج کی روشنی سے حاصل ہوتاہے تاہم انڈے کی زردی ، مشروم، سامن، ٹونا مچھلی اور گائے کی کلیجی بھی اس کے حصول کا عمدہ ذریعہ ہیں۔ آپ ڈاکٹر کے مشورے سےوٹامن ڈی کے سپلیمنٹ بھی لے سکتے ہیں۔

پتوں والی تازہ سبزیاں

ہری اور پتو ں والی سبزیاں وٹا منز سے بھرپور اور متوازن غذا کی ضامن ہوتی ہیں، ساتھ ہی یہ صحت مند نظام ِ مدافعت کو سپورٹ کرتی ہیں۔ چوہوں پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ہری سبزیاں کھانے سے جسم کو ایک کیمیائی سگنل جاتا ہے جس سے مخصوص سیل سرفیس پروٹینز بڑھ جاتےہیں، جو ایک کارگر مدافعتی نظام کیلئے ضروری ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں وہ صحت مند چوہے،جن کو ہری سبزیوں سے دور رکھا گیا ان کے سیل سرفیس پروٹینز میں 70سے80فیصد کمی پائی گئی۔

جسمانی مشقت کے فوائد

روزانہ باقاعدگی سے ورزش کرنا،جیسے تیزرفتار چہل قدمی ، آپ کو فٹ اور صحت مند رکھتی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق معمول کی ایکسرسائز سے جسم میں ہونے والی سوزش اور اسٹریس میں کمی آتی ہے کیونکہ اس سے اسٹریس کو کم کرنے والے ہارمونز ریلیز ہوتے ہیں۔ ایکسرسائز سے بیماریوں کے خلاف لڑنے والے سفید خلیوں کی روانی میں تیزی آتی ہے اور انسان نزلہ و زکام سے محفوظ رہ سکتا ہے۔

بھرپور نیند لیں

انسانی جسم کو درکار مناسب نیند لینے سے بہت سے وائرسز سے بچا جاسکتا ہے۔ امریکا کے آرکائیوز آف میڈیسن جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق بالغ افراد جو دو ہفتوں تک روزانہ کم سے کم 7سے8 گھنٹے نیند لیتے ہیں، ان میں بیماریوں والے وائرسز سے لڑنے کی طاقت زیادہ ہوتی ہے۔ وہ لوگ جو7 گھنٹے یا اس سے کم سوتے ہیں ان میں وائرسز سے متاثر ہونے کا خطرہ 3فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ مناسب نیند لینے سے جسم میں ایک قسم کا پروٹین ’کائٹوکائنز‘جاری ہوتا ہے، جو قوت مدافعت کے عمل کے دوران انفیکشن کا مقابلہ کرتا ہے۔

پُرسکون رہیں

سالہا سال کی تحقیق کےبعد ڈاکٹرز اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ دائمی ذہنی دبائو یا اسٹریس کا تعلق جسمانی بیماریوں سے ہوتا ہے۔ نیشنل اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق اگر آپ اپنے اسٹریس کو کم کریں گےتو آپ کی صحت پر عمدہ اثر پڑےگا، اسٹریس کم کرنےکیلئے آپ یوگا یا مراقبے کا سہار ا بھی لے سکتے ہیں۔ نماز کی پابندی کرنے اور تلاوت کلام پاک کو اپنا معمول بنانے سے بھی اسٹریس میں کمی آتی ہے۔

گرین ٹی عام چائے نہیں

اچھی اور مضبوط صحت کے لیے صدیوں سے گرین ٹی لوگوں کے استعمال میں ہے۔ گرین ٹی میں فلیونائڈز ہوتے ہیں، ان سے ہائی لیول اینٹی آکسیڈنٹس ملتے ہیں جو صحت کیلئے بہت ضروری ہوتے ہیں۔ جنرل آف امریکن کالج آف نیوٹریشن کی اسٹڈی کے مطابق گرین ٹی کے استعمال سے بلڈ پریشر کے ساتھ ساتھ دل کی بیماریاں کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

پھلوں اور سبزیوں کا استعمال

اگر آپ کو کوئی خاص سبزی پسند نہیں مگر اس کی بہت افادیت ہے تو اسے دوسری سبزیوں کے ساتھ ملاکر کھائیں۔ اس سے آپ کو وٹامن سی اور دیگر وٹامنز کی وسیع رینج ملے گی۔ اسی طرح آپ بہت پھلوں سے بنی فروٹ چاٹ کے مزے لیتے ہوئے ان کے فوائد بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ شواہد تو نہیں ملے کہ وٹا من سی سے بیمار پڑنے کی شرح یا دورانیہ کم ہو سکتاہے تاہم یورپین جنرل آف کلینکل نیوٹریشن کی رپورٹ کے مطابق وٹامن سی سے نظام مدافعت بہتر ہوتا ہے، جس سے نزلہ و زکام جیسی شکایات سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

شہد استعمال کریں

شہد میں بہت سے منرل اور وٹامنز کے ساتھ اینٹی آکسیڈنٹ کی خوبیاں شامل ہیں۔ شہد کی یہ اینٹی آکسیڈنٹ خوبیاں آپ کے جسم میں موسمی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں اور سردی کے موسم میں عام طور پر ہونے والی بیماریوں سے بچا کر رکھتی ہیں۔ ان عام بیماریوں میں نزلہ زکام اور بخار شامل ہیں۔ اگر آپ چائے پینے کے شوقین ہیں تو آپ چائے میں چینی کی جگہ شہد استعمال کریں جو کہ آپ کے گلے کے لیے بھی بہترین ہے۔ شہد کو ام الشفا بھی کہا جاتا ہے۔