ایچ سیکٹر سیریز کی بفر زون حیثیت ختم اور منسوخ پلاٹوں کی بحالی پر غور

December 10, 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)سی ڈی اے انتظامیہ سری نگر ہائی وے کے ساتھ ایچ سیکٹر سیریز کے بفر زون کی حیثیت کو ختم کرنے اور اس بنیاد پر منسوخ کئے گئے سر کاری اداروں کے پلاٹ بحال کرنے پر غور کر رہی ہے۔ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ سابق حکومت نے منسوخ کی تھی۔اس ایشو پر سی ڈی اے کا پلاننگ ونگ ابہام کا شکار ہے ۔ چونکہ ماسٹر پلان میں تبدیلی کا اختیار وفاقی کا بینہ کو ہے اس لئے سی ڈی اے نے اس کیلئے سمری کابینہ کو بھیج دی ہے۔سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ 1960میں جو اسلام آ باد کا ماسٹر پلان بناتواس کے تین حصے تھے۔ اس وقت یہ طے پایا تھاکہ کشمیر ہائی وے کے ساتھ راولپنڈی اور اسلام آ باد کے درمیان سیکٹر ایچ ایٹ سے لے کر ایچ سترہ تک سیکٹر کا50فی صد بطور بفر زون گرین کیریکٹر کیلئے چھوڑا جا ئے گا۔بعد ازاں 1963میں صدارتی آرڈی ننس کے تحت راولپنڈی اور اسلا م آ باد کے درمیان باؤنڈری کشمیر ہا ئی وے کی جگہ آئی جے پرنسپل روڈ کو قرار دیدیاگیاتاہم بفر زون کے خاتمہ کا کوئی با ضابطہ حکم جاری نہیں کیا گیا۔باؤنڈری بدلنے کے بعد سیکٹر ایچ ایٹ میں بفر زون کی اراضی میں علامہ اقبال اوپن یو نیورسٹی اور انجمن ہلال احمر وغیرہ کو پلاٹ الاٹ جبکہ سیکٹر ایچ نائن میں ایگرو فارم الاٹ کردیئے گئے۔ایچ الیون میں قبرستان کیلئے جگہ الاٹ کی گئی۔ ایچ بارہ میں نسٹ اور ایچ الیون میں ایئر یو نیورسٹی کو جگہ الاٹ کی گئی۔دس سے زائد سرکاری اداروں کو بھی پلاٹ الاٹ کئے گئے۔ ایچ سولہ میں اسلام آ باد ماڈل جیل کو پلاٹ الاٹ کیاگیا۔ یہ ایشو عمران خان کے دور میں کابینہ میں زیرغور آیا تو سرکاری ادروں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی تھی۔