سابق ای ڈی او ہیلتھ سے ریکوری کا معاملہ، گزشتہ انکوائری کا ریکارڈ طلب

January 26, 2023

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق سابق ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد رندھاوا سے سرکاری گاڑی لینے کے بعد88 لاکھ 25ہزار روپے کی ریکوری کی ازسر نو تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے ایک رکن نے شامل ہونے سے معذرت کرلی ہےجبکہ کمیٹی چیئر مین نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سے سابقہ انکوائری کا مصدقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔پہلی انکوائری کے تقریبا تین ماہ بعد نئی چار رکنی کمیٹی کانوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر راولپنڈی جو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں نے جاری کیا تھاجس میں چیئر مین کمیٹی ایم ایس بی بی ایچ ڈاکٹر سید طاہر رضوی،اے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عرفان الحق،ڈی ایچ او (ایم ایس) ڈی ایچ اے آر ڈاکٹر احسان غنی اور ڈاکٹر سرفراز خان ٹرانسپورٹ آفیسر ڈی ایچ اے ار شامل تھے۔ باخبر ذرائع کے مطابق ڈاکٹر احسان غنی نے شمولیت سے معذرت کرتے ہوئے تحریری درخواست ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو دیدی ہے۔دوسری طرف ڈاکٹر طاہر رضوی کے مراسلہ پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے سی ای او ڈاکٹر انصار اسحاق نے انکوائری رپورٹ کی مصدقہ کاپیاں کمیٹی کو بھجواتے ہوئے کمیٹی کے کہنے پر واہ جنرل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سعادت کو معاونت کیلئے مقرر کردیا ہے۔پہلی انکوائری کمیٹی رپورٹ لاہور میں موجود ہونے پر کوئی کارروائی نہ ہونے اور تین ماہ گزرنے کے بعد نئی انکوائری کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر ارشاد نے رابطہ کرنے پر جواب دیا کہ انہیں پتہ ہے کیا ہورہا ہے۔اس معاملے میں ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر ہیں۔ان سے رابطہ کیا جائے۔