پاکستان اور سعودی عرب نئے شعبوں کو تلاش کرنے کیلئے تعاون پر متفق

January 27, 2023

اسلام آباد( کامرس رپور ٹر ) پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے اور نئے شعبوں کو تلاش کرنے کے لیےتعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سید نوید قمر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور قریبی اقتصادی تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سعودی عرب کا سفارتخانہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلے میں سعودی سفیر کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب کے سفیر نےتمام شعبوں میں اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ادھر پاکستان اور قازقستان نے تجارتی راہداری معاہدے پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔