IMFکی شرائط مان رہے تو لوگوں کیلئے آسانیاں بھی پیدا کریں، مفتاح

January 29, 2023

پشاور ( آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈار صاحب نے سوچا تھا کہ شاید وہ آئی ایم ایف کے بغیر ملک کو چلا سکتے ہیں، اس کوشش سے بڑا نقصان ہوا،آئی ایم ایف کی شرائط مان رہے تو لوگوں کیلئے آسانیاں بھی پیدا کریں، روپے کی قدر میں کمی کے باعث اشیاء خورونوش کی قیمتیں بڑھیں گی، اگلے چند مہینے مشکل ہوں گے لیکن ہم ٹریک پر آگئے ہیں، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر بنیادی تنخواہ 25 ہزار سے 35 ہزار روپے تک بڑھانے کی سفارش کردی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ری ایمیجننگ پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ دو روز قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ڈار صاحب نے سوچا تھا کہ شاید وہ آئی ایم ایف کے بغیر ملک کو چلا سکتے ہیں، اس کوشش سے بڑا نقصان ہوا اور اب حکومت اس بات پر راضی ہو گئی ہے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننا پڑیں گی تاہم ڈالر کو فری چھوڑنے پر قیمتوں پر اب پریشر تو آئے گا لیکن آئی ایم ایف سے معاہدے میں دوری کے باعث ڈیفالٹ کے خدشات بڑھے، اس لیے ہمیں آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ کرنا چاہیے، کیونکہ ملکی سیاست کی وجہ سے معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جو ملک کیلئے صحیح نہیں ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان جیسی اسلامی ریاست میں 86 فیصد بچوں کو خوراک نہیں مل رہی، ملک ترقی نہ کرنے کی وجہ 97 فیصد بچوں کو اچھی تعلیم، خوراک اور سہولیات نہ ملنا ہے، جن لوگوں کے پاس وسائل نہیں ہیں وہ پیچھے رہ گئے ہیں، ایک پاکستان بنانے کیلئے تصور کردہ پاکستان کی تعبیر کرنا ہوگی، پاکستان کی معیشت مشکلات سے دوچار ہے، بڑی محنت سے پاکستان کو دیوالیہ سے واپس لائے تھے پھر ملک اسی طرف جا رہا ہے، وسائل سے زیادہ اخراجات ہیں، جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہ ڈالر کی قدر کو روکنا پاگل پن ہے، پکڑ دھکڑ یا انتظامی اقدامات سے فرق نہیں پڑسکتا، 80 ارب ڈالر کی امپورٹ اور 30 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی، 22 کروڑ عوام اوورسیز سے بھی کم ویلیو ایڈیشن کررہے ہیں، ڈالر سستا کرنے کی بجائے ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔