حکومت شپنگ لائنز ، ٹرمینل آپریٹرز پر چارجز چھوٹ کیلئے دباؤ ڈالے، کراچی چیمبر

January 29, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت شپنگ لائنز اور ٹرمینل آپریٹرز پر دباؤ ڈالے کہ وہ ڈیمریج اور ڈیٹینشن چارجز میں ایک وقت کی چھوٹ دے جیسا کہ انہیں سمجھنا چاہیے کہ یہ رقم ان کے پاس اضافی منافع کے طور پر آرہی ہے ،ایک بیان میںکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے صدر محمد طارق یوسف نے کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی طرف سے ڈیمریج چارجز معاف کرنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے تمام ٹرمینل آپریٹرز اور شپنگ لائنز پر زور دیا کہ وہ بھی تاجر برادری کے ساتھ بھاری ڈیمریج اور ڈیٹینشن چارجز کا بوجھ بانٹ کر اسی طرز عمل کو اپنائیں تاکہ پھنسے ہوئے ہزاروں کنٹینرز کو جلد از جلد ریلیز کیے جا سکیں جس سے تقریباً رکی ہوئی تجارتی، صنعتی اور اقتصادی سرگرمیاں معمول پر آئیں گی، کے سی سی آئی کے صدر نے نشاندہی کی کہ حکومتی ادارے کے پی ٹی اور پی کیو اے میں بمشکل 5 سے 10 فیصد کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جبکہ بقیہ 90 فیصد کنٹینرز پرائیویٹ ٹرمینلز پر پڑے ہیں جنہیں حکومت پہلے ہی اپنے ڈیمریج چارجز سے دستبردار ہونے کی درخواست کر چکی ہے جبکہ شپنگ لائنز کو ڈیٹینشن چارجز میں بھی کچھ نرمی کرنی چاہیے تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں تاجر برادری کو درپیش مشکلات کو کم کیا جا سکے۔